سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے قریب عمرہ زائرین کی بس کو افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں 3 خواتین سمیت 5 پاکستانی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب زائرین کی بس البدر سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے ایک ٹرالر سے ٹکرا گئی۔ بس میں سوار تمام افراد عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آئے تھے۔
حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق پاکستان کے ضلع بہاولنگر کی تحصیل ڈاہرانوالہ، فورٹ عباس، ہارون آباد اور دیگر نواحی علاقوں سے بتایا گیا ہے۔ جاں بحق خواتین میں دو کا تعلق گاؤں 228/9R جبکہ ایک کا گاؤں 201 مراد سے ہے۔ مردوں میں ایک بزرگ کا تعلق گاؤں 39/3R اور دوسرے کا تعلق ڈاہرانوالہ شہر سے بتایا جا رہا ہے۔
تمام زائرین ایک نجی ٹریول ایجنسی کے ذریعے چند روز قبل سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔