پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے کمنٹری پینل کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل جمعہ 11 اپریل سے 18 مئی تک لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان میں کھیلی جائے گی۔ انگلینڈ کے سابق کپتان سر الیسٹر کک پہلی بار پی ایس ایل کے کمنٹری پینل کا حصہ بنیں گے۔
الیسٹر کک کے ساتھ کمنٹری پینل میں مارک نکولس، ڈومینک کارک، جے پی ڈومینی، مائیک ہیزمین، مارٹن گپٹل اور اطہر علی خان بھی شامل ہیں۔
آسٹریلیا کی دو بار کی ویمنز ورلڈ کپ ونر لیزا اسٹالکر بھی پہلی بار پی ایس ایل میں کمنٹری کرتی نظر آئیں گی۔
پاکستان کے سابق کپتانوں میں رمیز راجہ، وسیم اکرم، وقار یونس اور عامر سہی کے علاوہ بازید خان، عروج ممتاز اور کرکٹ تجزیہ کار سکندر بخت بھی کمنٹری پینل کا حصہ ہوں گے۔ یہ وسیم اکرم کا پی ایس ایل کمنٹری میں پہلا موقع ہوگا۔
اس بار ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ مکمل اردو کمنٹری بھی پیش کی جائے گی۔ اردو کمنٹری پینل میں طارق سعید، علی یونس، عقیل ثمر، مرینہ اقبال اور سلمان بٹ شامل ہیں۔ میچز کے دوران ایرن ہالینڈ اور زینب عباس پریزینٹرز کے فرائض انجام دیں گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ کرکٹرز کی کمنٹری ٹیم میں شمولیت سے کوریج کا معیار مزید بلند ہوگا۔ اردو کمنٹری کی مکمل فراہمی ہمیں اپنے پرجوش شائقین سے مزید قریب کرے گی اور ان کے لیے یہ ایک خوشگوار تجربہ ثابت ہوگا۔