لاہور( نئی تازہ نیوز) معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک جو گزشتہ برس اکتوبر میں پاکستان کے دورے کے دوران سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر منصورہ نہ آسکے تھے، منگل کی صبح لاہور ایئرپورٹ پہنچنے کے بعد منصورہ گئے، جہاں امیر جماعت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور خوش آمدید کہا۔
حافظ نعیم الرحمن نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو جماعت اسلامی کی دینی، تعلیمی اور فلاحی خدمات کے ساتھ ساتھ تحقیقاتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور انہیں مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا۔
امیر جماعت نے عالمی شہرت یافتہ مبلغ کو بتایا کہ جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی ہے اور اسلام کے آفاقی اصولوں، اخوت، امن، بھائی چارے اور احترام انسانیت کی علمبردار ہے۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کو تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں جدید دنیا کے ہم پلہ لا کر ملک میں ترقی، امن اور خوشحالی کے فروغ کے لیے کوشاں ہے تاکہ پاکستان حقیقی معنوں میں ایک اسلامی فلاحی ریاست بن سکے۔ جماعت اسلامی سے وابستہ فلاحی تنظیمیں مسلسل انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اس موقع پر کہا کہ ان کی طویل عرصے سے جماعت اسلامی کے ہیڈ آفس منصورہ آنے کی خواہش تھی، جو وہ گزشتہ دورے میں سیکیورٹی وجوہات کے باعث پوری نہ کر سکے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کی مختلف شعبوں میں خدمات کو سراہتے ہوئے خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ، خصوصاً نوجوان نسل کو علم کے میدان میں آگے بڑھنے اور اتحاد و اخوت کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت کے مسائل کا حل صرف قرآن و سنت پر عمل پیرا ہونے میں مضمر ہے۔