لاہور( نئی تازہ رپورٹ) ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پروفیشنل گروپ کے امیدوار ملک آصف نسوانہ، 7,050 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے۔ ان کے مدمقابل انڈیپینڈنٹ گروپ کے امیدوار ثاقب اکرم گوندل 6,460 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔
نائب صدر کے عہدے پر عبد الرحمن رانجھا 8,255 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ سیکرٹری کے منصب پرکامیاب ہو نے والے فرخ الیاس چیمہ نے 6,833 ووٹ حاصل کیے۔ سیکرٹری فنانس کی نشست پر حام بن شعیب کمبوہ بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔
انتخابات میں مجموعی طور پر 13,602 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔ لاہور ہائیکورٹ میں پولنگ کے لیے سات بوتھ قائم کیے گئے، جبکہ بائیو میٹرک ووٹنگ کے لیے 120 کمپیوٹرز نصب تھے۔
چیئرمین الیکشن بورڈ شہزاد منڈ اور ڈپٹی چیئرمین محمد علی نے انتخابی عمل کی نگرانی کی۔
نو منتخب صدر ملک آصف نسوانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ان کی کامیابی درحقیقت آئین و قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی مضبوطی کے لیے جدوجہد کرنے والے وکلا کی جیت ہے۔ انہوں نے بار اور بنچ کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے اور وکلا کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ عدلیہ کی مضبوطی کے لیے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا۔