راولپنڈی ( نئی تازہ نیوز) سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی سے فرار ہونے والے منشیات کے قیدی لقمان مسیح کو جیل انتظامیہ اور پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا ہے، جب کہ غفلت برتنے پر 6 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے، جن میں 2 اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملزم لقمان مسیح کو بہارہ کہو اسلام آباد کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم منشیات کی سمگلنگ اور سپلائی میں ملوث تھا۔ جیل سپرٹنڈنٹ عبدالغفور انجم کی سربراہی میں انکوائری ٹیم نے ملزم کے عزیز و اقارب سے معلومات حاصل کر کے اس کی گرفتاری کو ممکن بنایا۔
جیل سے فرار ہونے کے دوران ملزم نے تعمیراتی کام کرنے والے مزدوروں اور دیگر قیدیوں کی آڑ لی تھی۔ ڈی آئی جی جیل راولپنڈی ریجن عبدلروف رانا اور سپریڈنٹ جیل عبدالغفور انجم کی زیرنگرانی انکوائری ٹیم نے ابتدائی رپورٹ میں جیل انتظامیہ کی غفلت اور بدانتظامی کا انکشاف کیا، جس کے نتیجے میں 6 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے ان اہلکاروں کو 90 دن کے لیے معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔ معطل ہونے والوں میں اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس الطاف حسین، سجاد حیدر، ہیڈ وارڈر محمد ریاض، وارڈر عمران خان، وارڈر عمار ظہور اور شیر زمان شامل ہیں۔
واضح رہے کہ اڈیالہ جیل سے فرار ہونے والا حوالاتی ملزم نعمان مسیح منشیات کے مقدمے میں جیل میں تھا۔