سیہون شریف ( نئی تازہ نیوز) معروف صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے 773 ویں عرس مبارک کی تقریبات کا پیر سے آغاز ہوگیا۔
سید عثمان مروند المعروف حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے تین روزہ عرس مبارک کی سرکاری تقریبات کا افتتاح سندھ اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے کیا جائے گا۔ اس موقع پر پنجاب سمیت ملک بھر سے لاکھوں زائرین کی سیہون شریف سندھ آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
سیہون شریف کی گلیاں اور محلات دمادم مست قلندر کے نعروں سے گونج رہے ہیں، جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی مکمل کرلیے گئے ہیں۔
عرس مبارک کے موقع پر سندھ کی روایتی ثقافتی کھیل “ملھ ملاکھڑا” کے دلچسپ مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔ اس کے علاوہ، رات کے وقت شہباز آڈیٹوریم ہال میں “سگھڑن جی کچہری” اور محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کی طرف سے 19 فروری کو حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔