اسلام آباد ( نئی تازہ نیوز)عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 27 فروری تک ملتوی کر دی گئی ہے۔ عدالتی عملے نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلاء کو فون پر اس بارے میں آگاہ کر دیا۔ وکیل خالد یوسف چوہدری کے مطابق عدالتی عملے نے تصدیق کی کہ آج سماعت نہیں ہوگی۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے خلاف توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت آج پیر کو اڈیالہ جیل میں ہونا تھی،اس سے قبل توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت 10 فروری کو ہوئی تھی،کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت میں کی تھی۔
واضح رہے کہ کیس میں 8 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے جبکہ 7 گواہوں پر جرح مکمل ہوگئی ہے ، گزشتہ سماعت پرآٹھویں گواہ پرعمران خان کے وکیل کی جانب سے جرح کی گئی۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی طرف سے جیل ٹرائل کی بجائے اوپن ٹرائل کی درخواست بھی عدالت میں دائرکی جا چکی ہے ،عدالت سے اوپن ٹرائل کی درخواست پر فیصلہ ہونے تک کیس کی سماعت روکنے کی استدعا بھی کی گئی تھی۔
اوپن ٹرائل کی درخواست پر عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے تھے، درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ، ایف آئی اے اور محکمہ داخلہ پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
عدالت نے درخواست وصول کرنے کے بعد ٹرائل جاری رکھا اور سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی تھی۔ اب کیس کی سماعت 27 فروری تک کے لیے مؤخر کر دی گئی ہے۔