اسلام آباد ( نئی تازہ نیوز) ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر اٹلی سے آنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم محمد ارشد کے خلاف جعلی دستاویزات کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم بین الاقوامی پرواز کے ذریعے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچا تھا، جہاں اس کا پاسپورٹ جعلی ثابت ہوا۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا کہ ملزم دو سال قبل غیر قانونی طور پر سمندری راستے سے یورپ گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے پاکستان واپس آنے کے لیے ایجنٹوں سے جعلی پاسپورٹ حاصل کیا، اسے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر ائرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ملزم کو فوری طور پر اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اور ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے۔ جعلی دستاویزات بنانے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کر دیا گیا ہے اور مشکوک سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق جعلی دستاویزات اور دھوکہ دہی کے ذریعے بیرون ملک جانے والے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی سفری دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے نہ کریں اور ویزا حاصل کرنے کے لیے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی یا مجاز ویزا ایپلیکیشن سینٹر سے رابطہ کریں۔