اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) سمارٹ واچز، فٹنس ٹریکرز اور دیگر پہنے جانے والے اسمارٹ آلات کو سائبر سیکیورٹی کے لیے خطرہ قرار دے دیا گیا ہے۔ نیشنل ٹیلی کام اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکیورٹی بورڈ نے اس حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی، جبکہ کابینہ ڈویژن نے حساس مقامات پر ایسے آلات کے استعمال پر پابندی کی سفارش کر دی ہے۔
سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری کے مطابق سمارٹ واچز اور دیگر پہنے جانے والے آلات خفیہ معلومات کے افشا کا سبب بن سکتے ہیں۔ ان آلات کا استعمال سائبر حملوں، ڈیٹا لیک اور غیر مجاز ٹریکنگ کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔ خاص طور پر حساس مقامات پر ان آلات کے استعمال سے سائبر سیکیورٹی کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ حساس مقامات پر ان آلات کے استعمال سے قبل ان کے تصدیقی میکانزم کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ حساس اجلاسوں اور آپریشنز والے مقامات پر سمارٹ واچز اورایسی دیگر ڈیوائسز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی جانی چاہیے۔ نیزحساس مقامات پر ان آلات کے جی پی ایس اور بلوٹوتھ فیچرز کو غیر فعال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، منظور شدہ ڈیوائسز کے لیے ملٹی فیکٹر تصدیقی نظام کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ ادارہ جاتی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی بورڈ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات پر عملدرآمد کر کے سائبر حملوں کے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔