لاہور: پاکستان ریلویز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔
تازہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اضافہ بدھ 5 فروری 2025 سے نافذ العمل ہو گا۔ اس اضافے کا اطلاق تمام کلاسز اور سیلون سروس سمیت نجی شعبے (آؤٹ سورس) کی ٹرینوں پر بھی ہو گا۔ واضح رہے کہ حکومت نے 31 جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں ایک روپیہ اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا تھا، جو یکم فروری سے نافذ ہو چکا ہے۔
نئی ریفنڈ پالیسی کا اعلان
واضح رہے کہ پاکستان ریلوے نے ٹکٹوں کی نئی ریفنڈ پالیسی بھی جاری کر دی ہے، جو “رابطہ” ایپ کے ذریعے خریدے گئے ٹکٹوں سمیت تمام ٹکٹوں پر لاگو ہو گی۔ نئی پالیسی کے مطابق:
ٹرین کی روانگی سے 48 گھنٹے قبل تک 90 فیصد رقم واپس ملے گی۔
روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل تک 80 فیصد رقم ریفنڈ کی جائے گی۔
روانگی سے 24 گھنٹے کے اندر 70 فیصد رقم واپس کی جائے گی۔
ٹرین روانگی کے بعد 2 گھنٹے کے اندر 50 فیصد ریفنڈ دیا جائے گا۔
اگر ٹرین 6 گھنٹے یا اس سے زیادہ لیٹ ہو تو مکمل رقم واپس کی جائے گی۔
آن لائن اور آف لائن ٹکٹوں کے لیے شرائط
پوائنٹ آف سیل (POS) سے خریدے گئے ٹکٹوں کی واپسی صرف اسی کاؤنٹر پر ہو گی۔ ریفنڈ کے لیے مسافروں کو اصل ٹکٹ اور شناختی کارڈ کی کاپی جمع کروانا ہو گی۔
آن لائن ٹکٹوں کا ریفنڈ صرف اسی آن لائن سروس کے ذریعے ممکن ہو گا، جس سے ادائیگی کی گئی ہو۔
آن لائن ٹکٹوں کے لیے بھی وہی ریفنڈ پالیسی ہو گی جو POS کے لیے مقرر ہے۔
ٹرین روانگی کے بعد آن لائن ٹکٹوں کا کوئی ریفنڈ نہیں دیا جائے گا۔
اگر ٹرین روانگی میں 1 گھنٹے 30 منٹ سے کم وقت باقی ہو تو آن لائن ریفنڈ 50 فیصد ہو گا۔