اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر بلا مقابلہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق، مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے جنید اکبر کا نام تجویز کیا، جس کی حمایت ن لیگ کے سینیٹر افنان اللہ سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی کی۔ تحریک انصاف کے قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے بھی جنید اکبر کے نام کی توثیق کی۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ اپوزیشن کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
منتخب ہونے کے بعد جنید اکبر نے حکومت اور اپوزیشن اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ سینئر ممبران کی رہنمائی میں اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یہ ذمہ داری پارٹی چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر دی گئی۔
اس سے قبل تحریک انصاف نے حکومت کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لیے پانچ ناموں پر مشتمل فہرست ارسال کی تھی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق، پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے ن لیگ کے چیف وہپ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو خط لکھا، جس میں جنید اکبر، شیخ وقاص اکرم، عمر ایوب خان، عامر ڈوگر، اور خواجہ شیراز محمود کے نام تجویز کیے گئے تھے۔