کراچی( نئی تازہ رپورٹ) ٹریفک پولیس افسر نے ایمانداری کی مثال قائم کرتے ہوئے لاکھوں روپے کی رقم کا بیگ ملنے پراس کے مالک بزرگ شہری کے حوالے کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹریفک پولیس ساؤتھ کے سب انسپکٹر رانا محمد لطیف اور کانسٹیبل میر زمان دوران پیٹرولنگ ڈیفنس کے علاقے خیابان اتحاد کے قریب بخاری لائٹ سگنل پر ایک ہینڈ بیگ دیکھ کر رکے، جس پر محمد یوسف کا نام اور موبائل نمبر درج تھا۔
بیگ کھول کر چیک کرنے پر اس میں 5 لاکھ 15 ہزار روپے نقد اور 2 پاسپورٹس موجود تھے، جس پر افسران نے فوری طور پر محمد یوسف سے رابطہ کیا اور انہیں بیگ کے متعلق اطلاع دی۔ محمد یوسف نے بتایا کہ وہ ٹریول ایجنٹ کے پاس عمرہ کے لیے رقم جمع کرانے جا رہے تھے کہ بیگ گر گیا ۔
محمد یوسف نے ٹریفک پولیس افسران کی ایمانداری پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس ایمانداری پر ڈی آئی جی ٹریفک نے سب انسپکٹر رانا لطیف اور کانسٹیبل میر زمان کو تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔