لاہور ( نئی تازہ ڈیسک) پنجاب میں میٹرک کے طلبہ کے لیے روایتی دو مضامین کا آپشن ختم کر کے مضامین کے گروپس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پنجاب کے تعلیمی نظام میں اہم تبدیلی کے تحت میٹرک کے کورسز میں الائیڈ ہیلتھ سائنسز، ایگری کلچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، فیشن ڈیزائن، ایگری سائنس، ابلاغیات، ٹیکنالوجی، پرسنل گرومنگ اور انٹرپرینیورشپ جیسے مضامین شامل کر دیے گئے ہیں۔
نئے تعلیمی گروپس کا آغاز آئندہ تعلیمی سال سے ہوگا۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب خالد نذیر کے مطابق میٹرک کے امتحانات کے نمبر 1100 ہی رہیں گے، اور طلبہ نویں جماعت کے آغاز میں اپنے مضامین کے گروپ کا انتخاب کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ سائنسز کے مضامین پڑھانے والے اسکول ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کے قریب قائم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور بورڈ نے انٹرمیڈیٹ امتحان 2025 کے لیے فیس شیڈول اور تاریخوں کا اعلان کر دیا
محکمہ تعلیم کے مطابق بین الاقوامی تعلیمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے کورسز شامل کیے گئے ہیں۔ پہلے میٹرک صرف سائنس اور آرٹس کے ساتھ ہوا کرتا تھا، لیکن اب اس میں مزید گروپس دستیاب ہوں گے۔