پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پراہم کارروائی میں غیر ملکی اسلحے کی بڑی کھیپ افغانستان سے پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق، غلام خان بارڈر ٹرمینل پر 8 جنوری کو کی جانے والی اس کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اسلحہ بردار ٹرک قبضے میں لیا۔ ذرائع کے مطابق، ٹرک سے جدید غیر ملکی اسلحہ اور میگزین برآمد کیے گئے، جو مہارت سے ڈرائیور کے کیبن میں چھپائے گئے تھے۔
برآمد ہونے والے اسلحے میں 26 ایم 16 رائفلیں، 292 میگزین، 10 ہزار سے زائد گولیاں، کلاشنکوف کے 9 میگزین اور 244 گولیاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، لائٹ مشین گن کی 744 گولیاں اور بڑی تعداد میں لنکرز بھی برآمد ہوئے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کی ملی بھگت ہے اور افغان چیک پوسٹوں کی جانب سے انہیں سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق اسلحہ کی برآمدگی سے یہ واضح ہوتا ہے کہ افغان طالبان کے زیر اثر یہ دہشت گردی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے بارڈر ٹرمینلز کھولے تھے، لیکن افغان طالبان اور فتنہ الخوارج دہشت گردی کے ذریعے عوام کے مسائل میں اضافہ کر رہے ہیں۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ افغان شہریوں کو افغان طالبان سے فتنہ الخوارج کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرنا چاہیے تاکہ ان کے لیے بہتر حالات پیدا ہو سکیں۔