انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے چیمپئینز ٹرافی ٹورنامنٹ کے دوران کٹ پر استعمال ہونے والے لوگو سے میزبان ملک کا نام ہٹانے کی بھارتی درخواست پر اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے ذرائع نے کہا ہے کہ چیمپئینز ٹرافی میں شریک تمام ٹیمیں اپنی جرسیوں پر ٹورنامنٹ کا لوگو اور میزبان ملک کا نام درج کرنے کی پابند ہوں گی۔
آئی سی سی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر کسی ٹیم نے جرسی پر لوگو آویزاں کرنے میں ناکامی کی تو اُس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ وضاحت آئی سی سی کی جانب سے اُس رپورٹ کے بعد سامنے آئی، جس میں کہا گیا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے چیمپئینز ٹرافی کے دوران اپنی ٹیم کی جرسی پر ‘پاکستان’ کا نام چھاپنے پر اعتراض کیا ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بی سی سی آئی آئندہ چیمپئینز ٹرافی کیلئے ٹیم انڈیا کی جرسی پر پاکستان کا نام درج نہیں کرے گا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے اور اس بات کی بھی وضاحت کی کہ پی سی بی کے کسی عہدیدار نے بھارتی میڈیا سے اس معاملے پر بات نہیں کی۔
یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے سیکیورٹی وجوہات کا بہانہ بنا کر پاکستان آ کر کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد چیمپئینز ٹرافی کو آئی سی سی کے کہنے پر ہائبرڈ ماڈل پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ اس صورت حال میں پاکستان نے بھی مطالبہ کیا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم نہیں آتی تو آئندہ ہونے والے ایونٹس کیلئے یہی ماڈل اپنایا جائے گا۔