بلوچستان کے ضلع ژوب کے سرحدی علاقے سمبازا میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پانچ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 18 اور 19 جنوری کی درمیانی شب پاک افغان سرحد پر خوارج گروپ کی حرکت دیکھی گئی، جس پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کی اور پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج دہشت گرد افغانستان سے پاکستان کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے روک دیا۔ سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے نتیجے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان بار بار عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف مؤثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے۔ پاکستان کو امید ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے گی اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال سے انکار کرے گی۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے لیے پُرعزم ہیں اور پاکستان سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔