لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کی سڑکوں پر جدید ٹریفک کے لیے اہم منصوبہ شروع کر دیا، جس کے تحت سائیکل اور موٹرسائیکل سواروں کے لیے خصوصی لینز مختص کر دی گئی ہیں۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں بائیکر لینز کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد ٹریفک حادثات میں کمی اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر پہلے مرحلے میں فیروزپور روڈ اور کینال روڈ سے لاہور پل تک 10 کلومیٹر کی بائیکر لین تعمیر کی جا رہی ہے، جسے خوبصورت سبز رنگ سے ڈیزائن کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس منصوبے سے عالمی معیار کے مطابق نہ صرف حادثات میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہو گی۔
مریم نواز نے اس منصوبے کے تحت تعمیراتی معیار کو انتہائی بلند رکھنے کی ہدایت کی ہے ، انہوں نے مالی سال کے اختتام تک صوبے کی سڑکوں کی مکمل تعمیر و مرمت کا بھی حکم دیا ہے۔