راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) راولپنڈی سے دو ماہ قبل لاپتہ ہونے والے پانچ سالہ بچے کی لاش تالاب سے برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق پانچ سالہ بچہ گزشتہ سال 23 نومبر سے لاپتہ تھا اور اس کی لاش تھانہ روات کی حدود میں موہڑہ گاڑھا کے علاقے کے تالاب سے ملی۔ بچہ اپنی والدہ کے ہمراہ قریبی عزیز کی شادی میں روات گیا تھا اور اس دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔ پولیس نے اغواء کا مقدمہ تھانہ روات میں درج کر رکھا ہے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ بچے کا قتل کیا گیا تھا یا یہ کوئی حادثہ تھا۔
اس سے قبل کراچی کے علاقے نارتھ کراچی سے 11 روز قبل لاپتہ ہونے والے سات سالہ بچے صارم کی لاش گزشتہ روز برآمد ہوئی تھی۔
ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق صارم کی لاش ایک بلڈنگ کے انڈر گراؤنڈ ٹینک سے ملی، جسے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیجا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس واقعے کو حادثہ قرار دیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ بچے کے والد نے نارتھ کراچی کے بلال کالونی تھانے میں اغواء کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس کے مطابق صارم 7 جنوری کو مدرسہ جانے کے دوران لاپتہ ہوگیا تھا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لاپتہ بچے کے والدین سے ملاقات کی اور انہیں بچے کی بازیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ بچے کے اغواء کا کیس اے وی سی سی کو منتقل کر دیا گیا اور اس دوران بچے کے والد کو پانچ لاکھ روپے تاوان کے مطالبے کا میسیج بھی موصول ہوا تھا۔ پولیس اس میسیج کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے۔