تہران : ایرانی دارالحکومت تہران میں سپریم کورٹ کے باہر مسلح شخص کی فائرنگ سے 2 جج جاں بحق ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق ہفتہ کی صبح یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص نے سپریم کورٹ کے باہر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں جج علی رازینی اور جج محمد مغیثی کی جانیں گئیں۔
دونوں جج قومی سلامتی، جاسوسی اور دہشت گردی سے متعلق اہم کیسز کی سماعت کر رہے تھے۔ فائرنگ سے ایک جج زخمی بھی ہوا ہے جبکہ حملہ آور نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔
عدالتی میڈیا آفس نے اپنے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کا سپریم کورٹ یا اس کے کسی بھی شعبے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ مزید کہا گیا کہ اس دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، جج علی رازینی پر 1998 میں بھی قاتلانہ حملہ ہو چکا تھا، جب ان کی گاڑی میں بم نصب کیا گیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔