اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نےدارالحکومت کے بعض پولیس افسران کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناقص پرفارمنس پر سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ اپنے وائرلیس میسیج میں انہوں نے کہا کہ ایس ڈی پی او سبزی منڈی کو ناقص پرفارمنس پر کلوز لائن کرکے چارج شیٹ کردیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈی ایس پی رمنا کو بھی بری ترین پرفارمنس پر معطل کرکے چارج شیٹ کیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے ایس ایچ او آبپارہ کو بھی ناقص پرفارمنس کی بنیاد پر کلوز لائن کرکے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے۔
دوسری جانب ایس ایچ او سنبل اور انچارج انوسٹی گیشن سنبل کو بہترین پرفارمنس پرایک، ایک لاکھ روپے انعام اور کلاس ون سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے۔ اسی طرح ڈی ایس پی انوسٹی گیشن عبدالستار کو اچھی پرفارمنس پر تعریفی سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔
آئی جی اسلام آباد نے اپنے پیغام میں کہا کہ پبلک ڈیلنگ اور کرائم فائٹنگ میں ناقص کارکردگی پر افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ پٹرولنگ نہ کرنے، اشتہاریوں کو نہ پکڑنے، کیسز ٹریس نہ کرنے اور پروفیشنل پولیسنگ کے تقاضے پورے نہ کرنے پر کارروائی ہوگی۔
آئی جی سید علی ناصر رضوی کہا کہ جو افسران بہترین کارکردگی دکھائیں گے، ان کو انعامات دیے جائیں گے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ کرائم فائٹنگ کریں اور اپنے کام کو بہترین انداز میں انجام دیں۔
آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ ہر ہفتے کرائم میٹنگ ہوگی اور جو افسران پرفارم کریں گے، وہی اپنے عہدوں پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے ڈی آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کو افسران کے ساتھ میٹنگ کرنے کی ہدایت دی۔
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ غفلت اور لاپرواہی کرنے والے افسران کے خلاف سخت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔