لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے مستحق اور نادار افراد کو 3 مرلے کا مفت پلاٹ دینے کے لیے نئی اسکیم کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کالا شاہ کاکو میں زہرہ ہومز / مسکن راوی کا افتتاح کیا، انہوں نے مسکن راوی کا دورہ کیا اور اس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے 100 خاندانوں کو گھروں کے الاٹمنٹ لیٹرز اور چابیاں دیں۔ مریم نواز نے زہرہ ہومز اور مسکن راوی کے معیار اور سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا، اور انہیں زہرہ ہومز / مسکن راوی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کالا خطائی روڈ، لاہور پر موضع نہرہ پور میں ابتدائی طور پر 100 مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ زہرہ ہومز میں ہر گھر 400 مربع فٹ پر محیط ہے، جس میں دو بیڈروم، ایک باورچی خانہ، ایک باتھ روم اور صحن شامل ہیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ زہرہ ہومز کو ای پی ایس سمارٹ پینل ٹیکنالوجی سے بنایا گیا ہے، جس سے یہ زلزلے سے محفوظ، توانائی کے لحاظ سے مؤثر اور ماحولیاتی طور پر پائیدار ہے۔ مسکن راوی کے ہر گھر میں 5 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب ہوگا، اور کمیونٹی کے لیے صاف پانی کے آر او پلانٹ، اسکول، کھیل کا میدان، مسجد اور ڈسپنسری کی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
اس موقع پروزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مسکنِ راوی ہاؤسنگ اسکیم روڈا اور ای پی ایس سولوشنز پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے،تقریب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی خدمات اور پراجیکٹس بارے ایک ڈاکومنٹری بھی پیش کی گئی۔