اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی پارٹی ’’عوام پاکستان پارٹی‘‘ کو رجسٹر کر لیا ہے۔ ای سی پی کی جانب سے پارٹی کی رجسٹریشن کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد اب 168 ہو گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شاہد خاقان عباسی عوام پاکستان کے کنوینئر جبکہ مفتاح اسماعیل پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہوں گے۔
الیکشن کمیشن نے عوام پاکستان کے انٹرا پارٹی انتخابات بھی تسلیم کر لیے ہیں، جن کی تفصیلات عوام پاکستان نے 26 جون کو جمع کرائی تھیں۔
اپنے حالیہ بیان میں شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ وہ پی ایم ایل این کی قیادت سے ناراض نہیں ہیں، بلکہ انہوں نے پارٹی اس وقت چھوڑنے کا فیصلہ کیا جب پی ایم ایل این نے اقتدار حاصل کرنے کو ترجیح دی اور ووٹ کو عزت نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایم ایل این کو اقتدار میں ہونے کے باوجود عوام میں مقبولیت حاصل نہیں ہوئی۔
سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انہوں نے پی ایم ایل این کو ذاتی مفاد کے لیے نہیں چھوڑا۔ انہوں نے سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کے بارے میں کہا کہ وہ جیل میں تربیت حاصل کر رہے ہیں، اور جب بھی کوئی سیاستدان جیل جاتا ہے تو وہ تربیت حاصل کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی کے پاس منشور ہوتا ہے، مگر مسئلہ یہ ہے کہ کوئی حکومت اپنے منشور پر عمل نہیں کر سکی۔ کوئی حکومت عوام کو سہولتیں فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ وہ عوام پاکستان پارٹی کو منظم کرنے کے لیے سکھر آئے ہیں، اور مختلف شہروں سے لوگ ان کی پارٹٰی میں شامل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو اپنے اختلافات پارلیمنٹ میں حل کرنے چاہئیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جب ملک میں اس طرح کی سیاسی صورتحال ہوتی ہے، تو غیر ملکی مداخلت کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی صوبہ دوسرے صوبے کو اس کے آبی وسائل سے محروم نہیں کر سکتا۔