پشاور: ہائی کورٹ سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اہم ریلیف مل گیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کا نوٹس معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں وزیراعلیٰ کے خلاف الیکشن کمیشن کے نوٹس کے حوالے سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس فہیم ولی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے علی امین گنڈاپور کی درخواست منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے 20 نومبر کے نوٹس کو معطل کر دیا اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔
علی امین گنڈاپور کے وکیل بشیر خان وزیر ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ کو اثاثہ جات سے متعلق نوٹس بھیجا ہے، جبکہ اس سے پہلے بھی نوٹس جاری کیا گیا تھا جسے عدالت نے معطل کر دیا تھا۔
جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے ریمارکس دیے کہ اگر عدالت نے پہلے نوٹس معطل کر دیا تھا تو پھر الیکشن کمیشن نے دوبارہ یہ نوٹس کیسے جاری کیا؟ آپ کو توہینِ عدالت کی درخواست دینی چاہیے تھی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اس نوٹس میں ہے، 20 نومبر کو الیکشن کمیشن نے نیا نوٹس جاری کیا ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کا 20 نومبر کا نوٹس معطل کر دیا اور آئندہ سماعت پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔