اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کیس کا فیصلہ 13 جنوری تک مؤخر کر دیا ہے۔
عدالتی عملے کے مطابق احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا آج رخصت پر ہیں، اور کیس کا فیصلہ 13 جنوری کو سنایا جائے گا۔ اس حوالے سے عدالتی عملے نے نیب پراسیکیوٹر اور پی ٹی آئی کے وکیل کو آگاہ کر دیا ہے۔
کیس کی سماعت اڈیالہ جیل کے بجائے نیب کورٹ جی الیون میں ہوئی۔ گزشتہ روز عدالتی عملے نے بتایا تھا کہ فیصلہ 6 جنوری کو نہیں سنایا جائے گا۔ واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا جیل ٹرائل ایک سال میں مکمل ہوا ہے۔
نیب نے بانیٔ پی ٹی آئی کو 13 نومبر 2023ء کو 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں گرفتار کیا تھا اور 17 دن تک اڈیالہ جیل میں ان سے تفتیش کی گئی تھی۔
بعد ازاں یکم دسمبر 2023ء کو نیب نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا گیا، جس کے بعد بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں تفتیش کی گئی۔
عدالت نے 27 فروری 2024ء کو بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فردِ جرم عائد کی، 190 ملین پاؤنڈ کے ریفرنس میں 100 سے زائد سماعتیں ہو چکی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف یہ واحد کیس ہے جس کا ٹرائل ایک سال تک چلا۔ نیب نے پہلے 59 گواہان کی فہرست عدالت میں جمع کرائی تھی۔ اس ریفرنس میں مجموعی طور پر 35 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے، جن پر وکلاء صفائی نے جرح کی۔