لاہور ( نئی تازہ ڈیسک ) پنجاب بھر کے تعلیمی بورڈزنے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا، جن میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان سمیت تمام بورڈز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد نے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
ڈویژنل کمشنر اور تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی چیئرپرسن سلوت سعید نے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر آن لائن جاری کیے، جبکہ سیکرٹری تعلیمی بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
امتحانات میں کل 21,937 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں سے 8,412 طلبہ کامیاب ہوئے۔ انٹرمیڈیٹ دوسرے سالانہ امتحانات میں کامیابی کا تناسب 38.35 فیصد رہا۔ امٹحانات کے لیے ڈویژن بھر میں 57 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔
فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے رزلٹ اس لنک پر موجود ہیں
لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات میں 49,465 امیدواروں نے شرکت کی۔ امتحانات میں 31,329 امیدوار فیل ہوئے جبکہ صرف 18,136 امیدوار کامیاب ہو سکے، جس کے نتیجے میں کامیابی کا تناسب 36 فیصد سے زائد رہا۔
لاہور بورڈ کے نتائج یہاں دیکھے جا سکتے ہیں
گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے دوسرے سالانہ امتحانات برائے انٹر میڈیٹ 2024 میں 34,895 امیدواروں نے شرکت کی۔ کنٹرولر امتحانات گوجرانوالہ بورڈ کے مطابق امتحان میں 21,911 امیدوار دوبارہ فیل ہوئے جبکہ 12,985 امیدوار کامیاب قرار پائے، جس کے نتیجے میں امتحانات میں کامیابی کا تناسب 37.21 فیصد رہا۔
ملتان تعلیمی بورڈ نے بھی انٹرمیڈیٹ کے دوسرے سالانہ امتحانات 2024 کا اعلان کر دیا۔ ملتان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ امتحانات میں 16,774 امیدوار شریک ہوئے جن میں سے صرف 6,630 کامیاب ہوئے، اس طرح کامیابی کا تناسب 39.53 فیصد رہا۔ بورڈحکام کے مطابق امتحانات کے لیے 28 سنٹرز قائم کیے گئے تھے، اور نقل کرنے والے 5 امیدواروں کو سزائیں سنائی گئیں۔
انٹرمیڈیٹ کے پہلے سالانہ امتحانات 2025 کا آغاز 22 اپریل سے ہوگا۔ سنگل فیس کے ساتھ داخلہ فارم یکم جنوری سے 24 جنوری 2025 تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ کسی بھی پیپر کے رزلٹ سے غیر مطمئن طلبہ 11 جنوری 2025 تک ری چیکنگ کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔