اسلام آباد : اسلام آباد ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹیٹیوشن (IESSI) کی جانب سے چراہ میں مفت طبی کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ کیمپ کا آغاز 22 دسمبر کو چیف کمشنر محمد علی رندھاوا کی ہدایات کے تحت ہوا، جس کا مقصد مقامی کمیونٹی کو صحت کی بنیادی سہولتیں فراہم کرنا تھا۔
کیمپ کے اختتامی روز 24 دسمبر کو چِراہ کے بی ایچ یو / ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر میں IESSI کی ٹیم نے بھرپور طریقے سے منظم کیا۔ کیمپ کے دوران 361 سے زائد مریضوں کو طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔
کیمپ کی نگرانی کمشنر سوشل سیکیورٹی رابعہ اورنگزیب نے کی۔ اس دوران ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکس کی ماہر ٹیم نے صحت کی عمومی جانچ، خصوصی مشورے، لیبارٹری ٹیسٹ اور مفت ادویات کی فراہمی سمیت مختلف خدمات فراہم کیں۔
کیمپ کے آخری روز ڈائریکٹرویمن ڈویلپمنٹ نیشا اشتیاق نے کیمپ کا دورہ کیا اور بچوں میں گڈّی بیگ اور کھانا تقسیم کیا، جس پر اہل علاقہ نے مسرت کا اظہار کیا۔
IESSI کا یہ اقدام ظاہر کرتا ہے کہ ادارہ عوامی صحت کے لیے پُرعزم ہے اور وہ ضرورت مندوں تک صحت کی خدمات پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ مقامی افراد نے اس طبی کیمپ کی کامیابی اور فراہم کی جانے والی خدمات پر تشکر کا اظہار کیا۔