لاہور( نئی تازہ رپورٹ) لاہور میں آج موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی، جس سے خشک موسم کا خاتمہ ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنا شروع ہوگئیں۔ بارش نے سردی میں اضافہ کر دیا۔
گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن، گلبرگ، کلمہ چوک اور گارڈن ٹاؤن سمیت لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس بارش کے ساتھ ہی طویل خشک موسم کا اختتام ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں دن بھر ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی قریبی شہروں جیسے قصور، کاہنہ، پاکپتن اور رینالہ خورد میں بھی ایسی ہی موسمی صورتحال متوقع ہے۔
بارش کے علاوہ پی ایم ڈی نے صبح اور رات کے اوقات میں پہاڑی علاقوں میں شدید سردی کا انتباہ جاری کیا ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی پنجاب میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان بھی ہے۔ اس دوران پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کی توقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں :اسلام آباد: پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا گیا
پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت پہلے ہی خاصا کم ہو چکا ہے۔ لیہہ میں منفی 13 ڈگری سینٹی گریڈ، اسکردو میں منفی 11، گوپس میں منفی 9 اور گلگت و دیر میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ استور، قلات اور بگروٹ میں درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ کوئٹہ، زیارت اور چترال میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پی ایم ڈی نے آئندہ چند روز کے دوران درجہ حرارت میں مزید کمی کی پیش گوئی بھی کی ہے۔