کراچی ( نئی تازہ رپورٹ) علاج کے بہانے پاکستان آنے والی افغان خاتون کو امریکا روانگی کے وقت گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کے اہلکاروں نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ایک کارروائی کے دوران امریکا جانے والی افغان خاتون مسافر کو گرفتار کرلیا۔
ملزمہ کی شناخت ثنا خواجہ کے نام سے ہوئی ہے، جو جعل سازی کے ذریعے پاکستانی ویزا حاصل کرچکی تھی۔ ثنا خواجہ 13 نومبر کو چمن بارڈر کے ذریعے علاج کے مقصد سے پاکستان پہنچی تھی، تاہم وہ یہاں علاج کے حوالے سے کسی بھی قسم کے ٹھوس ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہی۔
ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ثنا خواجہ علاج کا بہانہ بنا کر امریکی ویزا حاصل کرنے کے لیے پاکستان آئی تھی۔ اس کے کزن نے اسے میڈیکل ویزا کے لیے پاکستان آنے کا مشورہ دیا تھا۔
پاکستان پہنچ کر ثنا خواجہ نے امریکی سفارتخانے سے ویزا حاصل کیا، جب کہ پاکستانی ویزا حاصل کرنے کے لیے اس نے جعلی دستاویزات استعمال کیں۔
یہ بھی پڑھیں : محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پرسندھ میں 27 دسمبر کو عام تعطیل کا اعلان
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔