کراچی: سرمایہ کاروں کیلئے بڑی خبر، اسٹاک ایکسچینج میں شئیرز کی فروخت کی رقم اب ایک دن میں ملے گی
میڈیا رپورٹ کے مطابق سرمایہ کاروں کیلئے اچھی خبر سامنے آگئی، اسٹاک ایکسچینج میں شئیرز کی فروخت کی رقم اب صرف ایک دن میں منتقل کی جائے گی۔ پہلے اسٹاک ایکسچینج میں شئیرز کی رقم دو دن بعد سیٹلمنٹ کے ذریعے ملتی تھی، تاہم اب ٹی پلس ٹو کا فارمولا ختم کرکے ٹی پلس زیرو کا نیا سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان (این سی سی پی ایل) 23 دسمبر 2024 سے اسٹاک ٹریڈنگ کے لیے نیا سیٹلمنٹ سسٹم نافذ کرے گی۔ نیا سسٹم شئیرز کی خرید و فروخت اور تصفیہ کے عمل کو تیز کرے گا، جس سے سرمایہ کاروں کو فوری ادائیگیاں ملیں گی۔
این سی سی پی ایل کے جاری کردہ نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسٹاک ایکسچینج کے تمام ٹی او ٹریڈرز نیا سیٹلمنٹ سسٹم استعمال کریں گے، جس کے تحت شئیرز فروخت کرنے والے اکاؤنٹ سے خریدنے والے اکاؤنٹ میں رقم صرف ایک دن میں منتقل ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث نائجیرین گروہ گرفتار
نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شئیرز کی فروخت کے بعد جزوی رقم کی ادائیگی قبول نہیں کی جائے گی۔ یہ نیا نظام اپنانے کے لیے مینجمنٹ بروکریج ہاؤسز کے لیے آگاہی سیشن بھی منعقد کرے گی تاکہ ٹریڈنگ میکانزم کو بہتر طور پر سمجھا جا سکے۔