محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر کے سرکاری اور نجی کالجز میں سردیوں کی تعطیلات کا اعلان کر دیا۔
جبکہ اسلام باد کے تعلیمی اداروں میں سرما کی تعطیلات کا شیڈول سامنے آگیا۔
پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے صوبہ کے تمام کالجز میں موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، جس کے مطابق پنجاب میں کالج منگل 24 دسمبر سے 5 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کے باعث بند رہیں گے۔
پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نوٹیفکیشن کے مطابق پیر 6 جنوری 2025 سے تمام سرکاری اور نجی کالجز معمول کے مطابق دوبارہ کھل جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران کالجوں میں بی ایس کے چار سالہ پروگرام کی سرگرمیاں اور دیگر امور معمول کے مطابق جاری رہیں گے جبکہ یونیورسٹیوں اور کالجوں کے پیپرز بھی اس دوران شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
دوسری جانب پنجاب کے تمام سرکاری اور پرائیوٹ سکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات پیر 23 دسمبر سے جمعہ 10 جنوری تک ہونگی۔
اس سے قبل پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات بارے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ موسم سرما کی تعطیلات 20 دسمبر 2024 سے شروع ہوں گی۔
محکمہ تعلیم پنجاب کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی تعطیلات کا آغاز 23 دسمبر سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسکول 13 جنوری 2025 سے معمول کے مطابق کھلیں گے۔ واضح رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی وجہ سے تعلیمی ادارے 11 اور 12 جنوری کو بند ہوں گے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی ادارے سردیوں کی تعطیلات کےسلسلہ میں 28 دسمبر 2024 سے 12 جنوری 2025 تک بند رہیں گے۔
تعطیلات فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (FDE) کے تحت تمام تعلیمی اداروں کے لیےہوں گی، جن میں اسلام آباد کے اسکولز اور کالجز شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نادرا کا شناختی کارڈ کے لیے اہم مقامات پر خودکار سروس مشینیں نصب کرنے کا اعلان
سندھ کے محکمہ تعلیم نے بھی صوبے بھر کے اسکولوں اور کالجوں کے لیے سردیوں کی تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 21 دسمبر سے 31 دسمبر 2024 تک سردیوں کی تعطیلات کی وجہ سے بند رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبہ سندھ کے کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے لیے سردیوں کی تعطیلات کا شیڈول 21 دسمبر 2024 سے 31 دسمبر 2024 تک ہوگا۔