پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی صدیق الفاروق انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے، اور بیماری کی شدت کے باعث گزشتہ چند دنوں سے ان کی حالت نازک تھی۔ مرحوم کی نماز جنازہ پیر کو ادا کی جائے گی۔
صدیق الفاروق نے کیریئر کا آغازصحافتی شعبے میں کیا اور بعد ازاں سیاسی میدان میں بھی متحرک ہوئے۔ وہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے پریس سیکرٹری، ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کے چیئرمین اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ صدیق الفاروق سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صدیق الفاروق کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کی سیاسی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر عرفان صدیقی نے صدیق الفاروق کی عیادت کی تھی اور ان کے علاج کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اس موقع پر عرفان صدیقی نے وزیراعظم کی طرف سے صدیق الفاروق کو گلدستہ بھی پیش کیا اور کہا تھا کہ وزیراعظم کو ان کی صحت کے حوالے سے شدید تشویش ہے۔