کراچی: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کراچی میں شناختی کارڈ سے متعلق خدمات کے لیے شہر کے اہم مقامات پر خودکار سروس مشینیں نصب کرنے کا اعلان کر دیا۔
یہ مشینیں نادرا کے میگا سینٹرز، ریلوے اسٹیشنز، ہوائی اڈوں، خریداری کے مراکز، تعلیمی اداروں اور حکومتی دفاتر میں نصب کی جائیں گی، تاکہ شہریوں کو شناختی کارڈ کی خدمات تک آسان رسائی حاصل ہو سکے۔
اسلام آباد میں کامیاب آزمائش کے بعد نادرا ان جدید کیاسک کو کراچی کے مختلف علاقوں میں نصب کر رہا ہے تاکہ نادرا کے مراکز میں طویل قطاروں کے مسئلے کا حل نکالا جا سکے۔ یہ مشینیں شناختی کارڈ کی تجدید، گمشدہ کارڈ کی بحالی اور بچے کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (فارم بی) کے لیے درخواست دینے کے عمل کو آسان بنائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ پنجاب نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا
شہری ان مشینوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنی بنیادی معلومات درج کر سکیں گے، بایومیٹرک تصدیق کروا سکیں گے اور تصویر بھی بنوا سکیں گے۔ اس کے علاوہ وہ ارجنٹ یا نارمل پروسیسنگ کا انتخاب بھی کر سکیں گے۔ درخواست مکمل ہونے کے بعد مشین ایک QR کوڈ تیار کرے گی جس کے ذریعے فیس کی ادائیگی ایزی پیسہ ،جاز کیش ،JazzCash ،Easypaisa یا کریڈٹ/ڈیبٹ کارڈز کے ذریعے کی جا سکے گی۔
نادرا حکام کے مطابق یہ سروس سب سے پہلے کراچی کے نادرا میگا سینٹرز میں شروع کی جائے گی،بعد ازاں دیگر عوامی مقامات تک اس کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق پورا عمل خودکار ہوگا، جس سے کارکردگی اور سہولت میں اضافہ ہو گا۔ شناختی کارڈز درخواست مکمل ہونے کے 15 سے 30 دن کے اندر فراہم کر دیے جائیں گے۔ اس نئے نظام سے وقت کی بچت ہوگی ۔