افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے مبینہ خودکش دھماکے میں وزیر برائے مہاجرین خلیل الرحمان حقانی جاں بحق ہوگئے۔ عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق خلیل الرحمان حقانی کے بھتیجے انس حقانی نے تصدیق کی ہے کہ ان کے چچا اس دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔ افغان وزارت برائے مہاجرین کے وزیر خلیل الرحمان حقانی طالبان کے عبوری حکومت میں اہم عہدے پر فائز تھے اور وہ حقانی نیٹ ورک کے سینئر رہنما بھی تھے۔
رپورٹس کے مطابق دھماکہ وزارت مہاجرین کے دفتر پرہوا، جو ابتدائی معلومات کے مطابق خود کش دھماکہ تھا
رپورٹس کے مطابق دھماکا اس وقت ہوا جب خلیل الرحمان حقانی کابل میں وزارت کے دفاتر میں موجود تھے اور مسجد کی جانب جا رہے تھے۔ افغان پریس ایجنسی “خاما” نے بھی اس دھماکے کو خودکش حملہ قرار دیا ہے، جس میں دیگر ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ خلیل الرحمان حقانی جلال الدین حقانی کے بھائی تھے، جنہوں نے حقانی نیٹ ورک کی بنیاد رکھی تھی، اور وہ موجودہ وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا تھے۔ 2021 میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے بعد طالبان کی عبوری حکومت میں خلیل الرحمان حقانی وزیر بنے تھے۔