وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا، جس کے تحت صوبے کے صارفین آج 6 دسمبر 2024 سے ہی ایس ایم ایس یا آن لائن پورٹل پر درخواست دے کر مفت سولر پینلز حاصل کر سکتے ہیں۔
صوبائی سیکرٹری توانائی نے اسکیم کے حوالے سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم نصب کیے جائیں گے۔ 100 یونٹ تک ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے 52 ہزار 19 صارفین کو 550 واٹ کا مفت سولر سسٹم دیا جائے گا، جبکہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو 1100 واٹ کا سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔
اسکیم کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کا انتظام کیا جائے گا، اور صارفین رجسٹریشن کے لیے 8800 پرایس ایم ایس بھیج کر یا آن لائن پورٹل “cmsolarscheme.punjab.gov.pk” پر درخواست دیدے سکتے ہیں۔ صارفین کے شناختی کارڈ اور ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر سے ویری فکیشن کی جائے گی۔ سولر پینلزکوچوری ہونے سے بچانے کے لیے انورٹر اور پینلز کو صارف کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں 13 کروڑ 22 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرزہیں، تازہ اعدادو شمارجاری
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ فری سولر پینل اسکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف فراہم کرنا ہے، اور فی یونٹ 14 روپے کی سبسڈی سے پنجاب کے 73 لاکھ صارفین مستفید ہو چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے وسائل عوام کی سہولت اور ریلیف کے لیے استعمال کیے جائیں گے، جبکہ اس اسکیم سے 57 ہزار ٹن کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی اور وفاقی حکومت پر سبسڈی کا بوجھ بھی کم ہوگا۔