اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کے حوالے سے ڈیڈلائن میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی اے نے 30 نومبر 2024 کی ڈیڈلائن تک تمام غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بند کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کرتے ہوئے انہیں بلاک نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کر لیا ہے، تاہم اس حوالے سے نئی ڈیڈلائن کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل وزارت داخلہ نے 30 نومبر تک تمام غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بند کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند روزکے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں واٹس ایپ جیسی سروسز کو وی پی این کے بغیر استعمال کرنے میں مشکلات دیکھی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : نیشنل بینک برانچ میں 20 لاکھ روپے کی جعلی کرنسی ، سٹیٹ بینک نے سیل کر دیا
اگرچہ پی ٹی اے نے اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا، لیکن پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے مختلف میڈیا چینلز سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ حکومت نے وی پی اینز کی رجسٹریشن کے حوالے سے ڈیڈلائن میں توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس لئے وی پی اینز کو بلاک نہیں کیا جائے گا۔ گذشتہ ہفتے سینیٹ کی آئی ٹی کمیٹی میں پی ٹی اے کے چیئرمین نے کہا تھا کہ 30 نومبر کے بعد تمام غیر رجسٹرڈ وی پی اینز بند کر دیے جائیں گے۔