لاہور( نئی تازہ رپورٹ) سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردوں کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں ماہ کے دوران صوبے بھر میں 242 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن کے نتیجے میں 34 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق یہ آپریشنز لاہور، بہاول نگر، بہاولپور، گجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، نارووال، سرگودھا، چکوال، جہلم، اٹک، گجرات، بھکر اور رحیم یار خان میں کیے گئے۔ ان آپریشنز میں لاہور سے فتنہ الخوارج سمیت دیگر کالعدم تنظیموں کے 11 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور اہم عمارتوں کے نقشے برآمد ہوئے۔
گرفتار دہشت گردوں میں زبیر، اسلم، ابوبکر، فدا حسین، فہد سلیم، سیف اللہ، نفیس، اصرار، حاجی شاہ ، عبداللہ اور دیگر شامل ہیں۔ ان دہشت گردوں کا مقصد لاہور میں ایک اہم سرکاری عمارت کو نشانہ بنانا تھا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ان دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 28 ڈیٹونیٹر، 89 فٹ حفاظتی فیوز وائر، گولیاں، اسلحہ، ایک ہینڈ گرنیڈ، چار آئی ای ڈی بم، پرائما کارڈ، موبائل فونز، ممنوعہ پمفلٹس اور نقدی بھی برآمد کی گئی۔
……………………………………………………………………………………
یہ بھی پڑھیں : نیشنل بینک برانچ میں 20 لاکھ روپے کی جعلی کرنسی ، سٹیٹ بینک نے سیل کر دیا
……………………………………………………………………………………
ترجمان کے مطابق رواں ماہ 7536 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 637 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا اور 2 لاکھ 35 ہزار 630 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
سی ٹی ڈی نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی پنجاب کا مقصد محفوظ اور پرامن صوبہ ہے، ہم دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں۔