لندن: سابق برطانوی وزیر خارجہ لارڈ ولیم ہیگ آکسفورڈ یونیورسٹی کے نئے چانسلر منتخب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے نئے چانسلر کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔ چانسلر کے عہدے کے لیے یہ پہلا آن لائن انتخاب تھا، جس میں لارڈ ہیگ نے دو خواتین حریفوں کو شکست دی، جن میں آکسفورڈ کی سینٹ ہیوز کالج کی پرنسپل اور اسکاٹ لینڈ کی سابق لارڈ ایڈووکیٹ ایلیش اینجولینی اور سمرول کالج کی پرنسپل جان روئل شامل تھیں۔
ولیم ہیگ کے انتخاب کے ساتھ ہی یہ امیدیں ختم ہوگئیں کہ آکسفورڈ کی 800 سالہ تاریخ میں پہلی بار کوئی خاتون اس عہدے پر فائز ہوگی۔
اس انتخاب میں صرف 24,900 آکسفورڈ گریجویٹس اور اسٹاف نے ووٹ دیا، یہ پہلا موقع تھا جب آن لائن رائے شماری کی گئی۔ اس سے پہلے کے انتخابات میں ووٹ دینے کے لیے شخصی طور پر آنا ضروری تھا۔ سابق کنزرویٹو وزیر ڈومینک گریو اور لیبر پارٹی کے رکن پیٹر مینڈلسن ابتدائی دو راؤنڈز میں ہی انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئے، حالانکہ مینڈلسن نے بھرپور مہم چلائی تھی۔
خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے بھی اس عہدے کے لیے اپنے کاغذات جمع کروائے تھے، لیکن یونیورسٹی کی طرف سے امدواروں کی حتمی فہرست میں ان کا نام شامل نہیں ہو سکا۔ لارڈ ہیگ آکسفورڈ کے 160ویں چانسلر ہوں گے۔