لاہور ( نئی تازہ رپورٹ) پنجاب بورڈز کمیٹی آف چئیرمین (PBCC) نے میٹرک (ایس ایس سی) امتحانات 2025 کے لئے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخوں میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈزکے تحت امتحانات میں حصہ لینے والے طلباء کو داخلہ فارم جمع کرانے کے لئے اضافی وقت فراہم کیا گیا ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق، طلباء اب 6 دسمبر 2024 تک سنگل فیس کے ساتھ فارم جمع کرا سکتے ہیں۔ اس کے بعد 12 دسمبر 2024 تک ڈبل فیس کے ساتھ فارم جمع کرائے جا سکتے ہیں، جبکہ 2 جنوری 2025 ٹرپل فیس کے ساتھ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔
یہ توسیع پنجاب کے تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISEs) کے لیے ہے، توسیع کا مقصد طلباء اور اسکولز کے لئے فارم جمع کرانے میں آسانی فراہم کرنا ہے۔ واضح رہے کہ میٹرک ایس ایس سی پارٹ-II (پہلا سالانہ) امتحان 2025 کا آغاز 4 مارچ 2025 سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب یونیورسٹی نے مڈ ٹرم امتحانات ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردیئے
پنجاب بورڈز کمیٹی آف چئیرمین نے تمام طلباء سے درخواست کی ہے کہ وہ دی گئی تاریخوں سے قبل اپنے فارم جمع کرائیں تاکہ آخری وقت میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ مزید معلومات کے لئے طلباء اپنے متعلقہ بورڈز سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ کمیٹی ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے لاکھوں طلباء کو فائدہ پہنچے گا۔