پنجاب حکومت نے سموگ کی پابندیوں پر نظر ثانی کرتے ہوئے میں مزید نرمی کر دی ہے، ڈی جی ماحولیات نے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سموگ کی پابندیوں میں نرمی کے بعد لاہور سمیت چار اضلاع میں تعمیراتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو سکیں گی، اور زگ زیگ ٹیکنالوجی پر چلنے والے بھٹے بھی کام کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری و نجی دفاتر کو اپنے تمام عملے کے ساتھ کام کرنے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔
ڈی جی ماحولیات ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن میں کہا کہ یہ فیصلہ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان اور فیصل آباد میں نافذ ہو گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ہیوی ٹریفک کو پیر سے جمعرات تک ان اضلاع میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی، تاہم جمعہ سے اتوار تک ہیوی ٹریفک کی آمد و رفت پر پابندی عائد رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : گذشتہ ہفتے ملک میں کیا سستا کیا مہنگا ہوا،وفاقی ادارے کی رپورٹ جاری
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا کہ دکانوں، مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کو رات 8 بجے تک بند کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔ ریسٹورنٹس میں ان ڈور اور آوٹ ڈور ڈائننگ کا وقت 10 بجے تک ہوگا۔ باربی کیو کی اجازت صرف اس صورت میں دی جائے گی جب ہوڈ سسٹم نصب کیا جائے۔