رشبھ پنت نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 کی نیلامی میں مہنگے ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ بڑی بولی دے کرلکھنؤ سپر جائنٹس نے انہیں اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا، دہلی کیپٹلز سے آٹھ سالہ وابستگی ختم ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر جدہ میں 2025 کے آئی پی ایل کے لیے براہ راست نشر ہونے والی نیلامی میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے بھارت کے وکٹ کیپر بیٹسمین کو 32 لاکھ ڈالر (تقریباً 27 کروڑ بھارتی روپے) کے عوض خرید لیا۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 88 کروڑ 81 لاکھ روپے بنتی ہے۔
پنجاب کنگز کی جانب سے 31 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی پیشکش کے بعد شریاس آئر کچھ ہی لمحوں کے لیے آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی بنے تا ہم لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنت کے لیے اس سے بڑی بولی دے کرانہیں آئی پی ایل کا مہنگا ترین کھلاڑی بنا دیا ۔
آئی پی ایل کے لیے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کی نیلامی سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہوئی۔ اس سے قبل دہلی کیپٹلز نے رشبھ پنت کو اپنے ساتھ رکھنے کے لیے “رائٹ ٹو میچ” کارڈ کے تحت 20 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے کی پیشکش کی تھی، لیکن لکھنؤ سپر جائنٹس کی 27 کروڑ بھارتی روپے کی پیشکش نے دہلی کیپٹلز کو نیلامی سے پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
رشبھ پنت 2016 سے دہلی کیپٹلز کا حصہ تھے، اور دہلی نے انہیں 2021 میں شریاس آئر کے زخمی ہونے کے بعد کپتان بھی مقرر کیا تھا۔ 2022 کے آئی پی ایل سیزن میں بھی وہ دہلی کیپٹلز کے کپتان رہے۔انہوں نے دسمبر 2022 میں ایک کار حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد 2024 کے آئی پی ایل سیزن میں واپس آ کر 446 رنز بنائے۔
یاد رہے کہ 19 دسمبر 2023 کی آئی پی ایل نیلامی میں آسٹریلیا کے فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک سب سے مہنگے کھلاڑی بنے تھے، جنہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے کے عوض خریدا تھا۔ مچل اسٹارک سے پہلے پیٹ کمنز اور سیم کرن جیسے کھلاڑی بھی آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہو چکے ہیں۔