اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے پیر کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے فیصلہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اتوار کی شام اس سلسلہ میں نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا اعلان کیا ہے، سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے کل (پیر 25 نومبر 2024 کو) بند رہیں گے، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کچھ ہی دیر میں جاری کر دیا جائے گا۔
دوسری جانب اسلام آباد کے سکولوں کے طلبا کے لیے بس سروس بھی بند رہے گی۔ سکولوں کے انتظامیہ نے طلبا اور والدین کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔
پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن اسلام آباد نے بھی پیرکو اسکولز بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل عبدالوحید نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر بچوں کے لیے خطرہ مول نہیں لے سکتے، اسلام آباد کے تمام پرائیویٹ اسکول کل بند رکھے جائیں گے۔
سیکرٹری جنرل عبدالوحید کے مطابق امن امان کی صورتحال کے پیش نظر اسکول بند کرنا مجبوری ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پی ٹی آئی کا احتجاجی قافلہ پشاور سے روانہ ہو چکا ہے، جس میں بشریٰ بی بی اور سابق صدر عارف علوی بھی شامل ہیں۔ اسی طرح عمر ایوب کا قافلہ ہری پور ہزارہ سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو چکا ہے، تاہم راستے میں اٹک پر انہیں روک لیا گیا ہے۔