وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلبہ کو 90 دنوں میں لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا ہدف مقرر کردیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے اعلان کے مطابق پنجاب کے طلبہ کو ’’چیف منسٹر پنجاب لیپ ٹاپ اسکیم‘‘ کے تحت جدید ترین کور آئی سیون، 13ویں جنریشن لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔ مریم نواز نے 2 ہزار اقلیتی طلبہ اور میٹرک و ایف ایس سی کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کی ہدایت کی ہے۔ کامیاب طلبہ کو گارڈ آف آنر بھی دیا جائے گا۔
اس اسکیم کے تحت یونیورسٹیوں کے 20 ہزار، کالجز کے 14 ہزار، صنعت و زراعت کے 4 ہزار اور میڈیکل و ڈینٹل کالجز کے 2 ہزار طلبہ کو لیپ ٹاپ ملیں گے، ان میں 32 فیصد طلبہ جنوبی پنجاب سے ہوں گے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لیپ ٹاپ 30 دنوں میں 5 ہزار طلبہ کو اور 20 فروری تک 35 ہزار طلبہ کوفراہم کر دیے جائیں گے۔ کمپیوٹر سائنس، میڈیکل، سائنس، انجینئرنگ، سوشل سائنسز، بزنس، لینگویج، ویٹرنری اور ایگریکلچر کے طلبہ اس اسکیم سے مستفید ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب بھر کے 30 ہزار سرکاری اور 10 ہزار نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ کو اسکالرشپ بھی دی جائیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کے ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے تحت 18 ہزار طالبات کو وظائف دیے جائیں گے اور چار سے پانچ سال تک کے لیے طلبہ کی مکمل ٹیوشن فیس بھی ادا کی جائے گی۔ ہونہار اسکالرشپ کے لیے 68 ہزار 329 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 34 ہزار290 درخواستوں کی تصدیق مکمل کر لی گئی ہے۔