اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو صدر آصف علی زرداری پرسنگین الزام لگانے پر درج مقدمے سے بری کر دیا گیا۔
شیخ رشید نے صدر آصف زرداری پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قتل کرانے کی سازش کا الزام عائد کیا تھا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود نے شیخ رشید کی محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف تھانہ آبپارہ میں 2023 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں سازش اور عوام کو اکسانے کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
شیخ رشید کو آصف علی زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری کی رات گرفتار کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف پولیس کوشکایت درج کرائی تھی۔
تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر شکایت گزار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا تھا، ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں۔
گزشتہ روز عدالت نے شیخ رشید کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو آج سنا دیا گیا۔