راولپنڈی ( نئی تازہ رپورٹ) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے شہر میں پہلا سائیکلنگ ٹریک بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی منصوبہ بندی ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہے۔
آر ڈی اے کی ڈائریکٹر جنرل کنزہ مرتضیٰ نے راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آر ڈی اے کا منصوبہ ہے کہ کچہری چوک سے فیض آباد انٹرچینج تک ایک مخصوص سائیکلنگ ٹریک تعمیر کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اس ٹریک کو سڑک کے دونوں طرف بنایا جائے گا اور موٹر سائیکل سواروں کو بھی اس کا استعمال کرنے کی اجازت ہوگی ۔
ڈی جی آر ڈی اے نے بتایا کہ اس منصوبے کو کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی کے تحت نجی شعبے کی مدد سے مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو آر ڈی اے کے اپنے وسائل سے بھی اس منصوبے کو مکمل کیا جائے گا، کیونکہ یہ ایک عوامی اور ماحول دوست اقدام ہے۔
انہوں نے اس منصوبے کے بڑے چیلنجز میں سے ایک مری روڈ پر بڑھتی ہوئی تجاوزات کو قرار دیا اور اعلان کیا کہ جلد ہی ایک مربوط تجاوزات مخالف مہم شروع کی جائے گی۔
غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے ڈی جی نے بتایا کہ ان کے دائرہ کار میں تقریباً 200 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیاں سرگرم ہیں اور آر ڈی اے عوام کو ان غیر قانونی منصوبوں میں سرمایہ کاری سے بار بار خبردار کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے جھوٹے دعوے روکنے کے لئے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کا سائبر کرائم ونگ تعاون نہیں کر رہا۔
انہوں نے رنگ روڈ پراجیکٹ کے بارے میں بتایا کہ یہ منصوبہ 36 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور پنجاب حکومت نے اس کی تکمیل کے لئے دسمبر 2025 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ کنزہ مرتضیٰ نے کہا کہ فنڈنگ کے مسائل بھی ہیں، کیونکہ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے نظرثانی شدہ پی سی ون کی منظوری کا انتظار ہے۔ اگر مطلوبہ فنڈز جاری ہو جائیں تو یہ منصوبہ وقت سے پہلے مکمل ہو سکتا ہے۔
کچہری چوک پرمجوزہ انٹرچینج کے بارے میں ڈی جی کنزہ مرتضیٰ نے بتایا کہ یہ منصوبہ پہلے آر ڈی اے کے سپرد تھا لیکن بعد میں اسے صوبائی ہائی وے اتھارٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو اب اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔