لاہور( نئی تازہ رپورٹ) سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گورونانک کا 555 واں جنم دن منانے کے لیے تین ہزار کے قریب بھارتی سکھ یاتری کل 14 نومبر کو پاکستان پہنچیں گے۔
پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر اور صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام لاہور کے قریب واہگہ بارڈر پر بھارتی سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کریں گے اور انہیں بہترین سہولتوں کے ساتھ خوش آمدید کہیں گے۔
بابا گورونانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب 15 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی، جہاں سکھ یاتری مذہبی جوش و جذبے سے شرکت کریں گے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کے موقع پر سکھ یاتریوں کو اعلیٰ معیار کی میڈیکل، رہائشی اور سفری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جب کہ ان کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔