اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہسپتالوں کو پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے تحت چلانے پر غور شروع کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت ہسپتالوں کو سرکاری سے سیمی گورنمنٹ اداروں میں تبدیل کرنے کے حوالے سے مشاورت کر رہی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نان گزیٹڈ اسٹاف کی کنٹریکٹ پر بھرتی کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ اس تبدیلی کا مقصد پنشن کے اخراجات میں کمی لانا ہے، کیونکہ رواں سال پنشن کی مد میں ایک ہزار ارب روپے سے زیادہ خرچ متوقع ہے۔ اس میں سے 220 ارب روپے سول ملازمین اور 665 ارب روپے دفاعی شعبے کے لیے مختص ہیں۔
نئی اسکیم کا اطلاق وفاقی اور صوبائی سطح پر مقابلے کے امتحان کے ذریعے منتخب ہونے والے ملازمین پر نہیں ہوگا۔ وزارت خزانہ کے مطابق تمام اصلاحات کے حوالے سے عالمی مالیاتی اداروں سے مشاورت کی جا چکی ہے، اور ان اصلاحات کے نفاذ کے لیے ان سے تکنیکی اور مالی مدد حاصل کی جائے گی۔