پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی موبائل سمز کے اجراء پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ لاہور میں دو مختلف مقامات پر چھاپے مار کر پانچ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں فرنچائز منیجر اور دیگر چار افراد شامل ہیں۔
پی ٹی اے کے ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں فیروز پور روڈ اور جوہر ٹاؤن میں ایک نجی موبائل کمپنی کے فرنچائزز پر ایف آئی اے کے تعاون سے کی گئیں۔ گرفتار افراد میں فنگر پرنٹ اسکیننگ میں ملوث ایک شخص بھی شامل ہے، جو مبینہ طور پر غیر قانونی سمز کے اجراء میں ملوث تھا۔
چھاپوں کے دوران سات مشتبہ بائیو میٹرک ویریفیکیشن ڈیوائسز (بی وی ایس)، تین موبائل فونز، پچاس مشکوک سمز اور ایک لیپ ٹاپ قبضے میں لیا گیا۔ ایف آئی اے نے مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر افراد کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔