اسلام آباد ( نئی تازہ رپورٹ) چیف جسٹس کی تقرری کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اجلاس شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کر لیا گیا۔
12 رکنی خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں مختلف سیاسی جماعتوں کے اراکین شامل ہیں۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے خواجہ آصف، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ اور شائستہ پرویز ملک کو نامزد کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے راجہ پرویز اشرف، نوید قمر، سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور رعنا انصار کمیٹی کا حصہ ہیں۔ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی خان، صاحبزادہ حامد رضا اور سینیٹر علی ظفر کو شامل کیا گیا ہے جبکہ جے یو آئی کی جانب سے سینیٹر کامران مرتضیٰ کمیٹی میں شامل ہیں۔
چیف جسٹس کی تعیناتی کے لیے قائم خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج منگل 22 اکتوبر کی شام 4 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :پنجاب کے تعلیمی بورڈز میٹرک سپلیمنٹری 2024 کے نتائج 30 اکتوبر کو جاری کریں گے
واضح رہے کہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی 26ویں آئینی ترمیم کے تحت قائم کی گئی ہے۔ یہ کمیٹی تین سینئر ججز کے پینل میں سے ایک نام منتخب کرے گی، جو بعد میں وزیراعظم کو بھیجا جائے گا۔ وزیراعظم اس نام کو صدر کے پاس حتمی توثیق کے لیے بھیجیں گے۔