چیف جسٹس پاکستان کی تقرری کے معاملے پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمانی رہنماؤں سے کمیٹی کے ارکان کے نام طلب کر لیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کی تعیناتی کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ سپیکر نے قومی اسمبلی کے پارلیمانی رہنماؤں سے کمیٹی کے لیے آٹھ ارکان کے نام مانگے ہیں۔
12 رکنی کمیٹی کے لیے 8 ارکان قومی اسمبلی اور چار سینیٹ سے لیے جاٸیں گے۔ کمیٹی تین سینیئرججز کے پینل میں سے چیف جسٹس پاکستان کا انتخاب عمل میں لائے گی۔
چیف جسٹس اپنی ریٹائرمنٹ سے 3روز قبل 3سینیئر ججز کا پینل سپیکر قومی اسمبلی کو ارسال کریں گے اورسپیکر قومی اسمبلی چیف جسٹس کی تقرری کے لیے ججز کا پینل کمیٹی کو ارسال کریں گے۔
ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے بعد وزارت قانون سے تین سینئر ججز کا پینل طلب کیا جائے گا، اور کمیٹی اسی پینل میں سے چیف جسٹس پاکستان کا انتخاب کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد کے شہریوں کے لیے دو نئے روٹس پر الیکٹرک بس شروع
نجی ٹی وی کے مطابق خصوصی کمیٹی میں پارلیمانی جماعتوں کی متناسب نمائندگی کا فارمولا تیار کر لیا گیا ہے جس کے مطابق 39 ارکان اسمبلی پر سیاسی جماعت کو خصوصی کمیٹی میں ایک نشست ملےگی۔ جبکہ سینیٹ میں 21 ارکان پرکمیٹی میں ایک نشست ملے گی۔
پیر کو صدر مملکت کے دستخط کے بعد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے 26 ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ جو ایکٹ آف پارلیمنٹ کے طور پر نافذ ہو گیا ہے۔