اسلام آباد: صدرمملکت کی منظوری کے بعد 26 ویں آئینی ترمیم کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ترمیم ایکٹ آف پارلیمنٹ کے طور پر فوری نافذ العمل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد یہ نوٹیفکیشن قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کیا گیا ہے، جس کے بعد 26ویں آئینی ترمیم بل 2024 ایکٹ آف پارلیمنٹ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
گزٹ نوٹیفکیشن کے اجرا کے ساتھ ہی یہ آئینی ترمیم نافذ العمل ہوگئی ہے۔
اس ترمیم کے تحت سب سے پہلا اقدام خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا قیام ہوگا، جو نئے چیف جسٹس آف پاکستان کا تقرر کرےگی۔ یہ تقرری آرٹیکل 175اے کی شق 3 کے تحت کی جائے گی۔
چیف جسٹس آف پاکستان تین سینئر ججز کے نام خصوصی پارلیمانی کمیٹی کو بھیجیں گے، اور کمیٹی ان میں سے ایک جج کا تقرر کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری ملازمت کے لیے عمرکی حد میں رعایت ختم کرنے کا اعلان
کمیٹی نئے چیف جسٹس کا انتخاب کر کے وزیر اعظم کو نام بھیجے گی، جو صدر کو اس تقرر کی ایڈوائس دیں گے۔
آرٹیکل 175اے کی ذیلی شق 3اے کے تحت تشکیل دی جانے والی یہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی 12 اراکین پر مشتمل ہوگی، جن میں 8 قومی اسمبلی سے اور 4 سینیٹ سے شامل کیے جائیں گے۔